
سندھ ہائیکورٹ نے حلیم عادل شیخ کی گرفتاری پر اینٹی کرپشن حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوکری کریں، کسی کی غلامی نہ کریں۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کے خلاف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کیس کی سماعت ہوئی۔ اینٹی کرپشن حکام پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور اپوزیشن لیڈر کو گرفتارکرنے والے افسر کو عدالت نہ چھوڑنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے افسران کو تنبیہ کی کہ نوکری کریں، کسی کی غلامی نا کریں، جن کی غلامی کر رہے ہیں، وقت بدلنے پر وہ پہچانیں گے بھی نہیں ، اپنی نوکری کا خیال رکھیں، جو کچھ آپ کر رہے ہیں وہ نوکری نہیں غلامی ہے۔
عدالت کا کہنا تھا کہ جس میٹنگ میں مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی گئی ہے اس کے منٹس پیش کریں، تفصیلی وجوہات اور شواہد جن کی بنیاد پر مقدمہ ہوا ہے وہ بھی پیش کیے جائیں۔
عدالت نےریمارکس دیئے کہ 30سال پرانے معاملے پر اچانک سرگرمیاں کیسے شروع ہوگئیں ، ایس ای سی ون ممبران آئندہ سماعت پر پیش ہوں۔ عدالت نے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ایسٹ اور جاموشورو سے بھی جواب طلب کرتے ہوئے حلیم عادل کی گرفتاری سے متعلق حکم امتناع میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 17 اگست تک ملتوی کردی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/4haleemshcbash.jpg