
دعا زہرہ اور ظہیر احمد سے متعلق بیان پر حرا مانی معافی کی طلبگار
سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بننے کے بعد پاکستانی ڈراموں کی معروف اداکارہ حرا مانی نے دعا زہرہ اور ظہیر احمد سے متعلق اپنے بیان پر دعا زہرہ کے والدین اور مداحو سے سوشل میڈیا پر معافی مانگ لی۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بننے کے بعد پاکستانی ڈراموں کی معروف اداکارہ حرا مانی نے دعا زہرہ اور ظہیر احمد سے متعلق اپنے بیان پر دعا زہرہ کے والدین اور مداحوں سے سوشل میڈیا پر معافی مانگ لی۔ انہوں نے دو روز قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام سٹوری پر لکھا کہ میری دعا ہے دعا زہرہ اور ظہیر کبھی الگ نہ ہوں، اللہ تعالیٰ میری یہ دعا ضرور سنیں گے۔
سوشل میڈیا پر انہیں اس بیان کے بعد ٹرول کیا گیا اور شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد انہوں نے ایک وضاحتی ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ میں دعا زہرہ کے والدین اور اپنے مداحوں سے معافی کی طلبگار ہوں کیونکہ مجھے اس حوالے سے مکمل معلومات نہیں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ "میں اس معاملے پر غلط تھی اور اپنی غلطی ماننے میں مجھے کوئی جھجک نہیں کیونکہ غلطیاں تسلیم کرنے میں کوئی مضحکہ خیز بات نہیں"
اداکارہ صبا فیصل، سونیا حسین، اداکار منیب بٹ سمیت شوبز انڈسٹری سے جڑی متعدد شخصیات نے ان کی وضاحتی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ غلطیاں کسی سے بھی ہو سکتی ہیں، حرا مانی کے مداحوں نے بھی اپنے تبصروں میں لکھا کہ حرا مانی نرم اور صاف دل کی مالک ہیں، انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کر لی، انہیں اب معاف کر دینا چاہیے۔
یاد رہے کہ 2 روز قبل ہی دعا زہرا کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کراچی میں منتقل کیا گیا ہے، انہیں متعلقہ ٹرائل کورٹ میں یکم اگست کو پیش کیا جائے گا۔ چائلد پروٹیکشن بیورو ذرائع کے مطابق دعا زہرا کو کسی سے ملنے کی اجازت نہیں جبکہ ظہیر احمد نے دعا زہرا کو عدالت میں پیش کرنے کی درخواست کر دی جس پر جس پر عدالت نے انہیں پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ دعا زہرا کو چائلڈ پروٹیکشن افسر کے ذریعے عدالت میں پیش کیا جائے۔