
دنیا کے 7 بڑے ممالک پر مشتمل گروہ"جی 7" نے چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا مقابلہ کرنے کیلئے اربوں ڈالرز کے منصوبے شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
بین الاقوامی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جی 7 ممالک نے چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کو کاؤنٹر کرنے کیلئے ترقی پزیر ممالک میں عالمی انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاری کے بنیادی ڈھانچے میں شراکت داری اور منصوبوں کی مالی اعانت کا اعلان کردیا ہے۔
اس حوالے سے جی 7 ممالک نے آئندہ 5 سالوں میں نجی و عوامی فنڈز میں 600 ارب ڈالرز کی مالی اعانت کا فیصلہ کیا ہے۔
اس منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے یورپی کمیشن کے صدر نے کہا کہ یورپی ممالک چین کے منصوبے کے متبادل کی تعمیر کیلئے300ارب یورو جمع کریں گے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ اس منصوبے کیلئے کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک کیلئے آئندہ پانچ برسوں میں 200 ارب ڈالر جمع کیے جائیں گے ، یہ منصوبے موسمیاتی تبدیل سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ عالمی صحت، ڈیجیٹل انفراسٹرکچراور صنفی مساوات کے شعبوں میں بہتری کیلئے مدد فراہم کرے گا۔
واضح رہے کہ امریکہ نے چین کےبیلٹ اینڈ روڈ منصوبے پرتحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ چین نے ترقی پزیر ممالک کو بہت کم فائدہ پہنچایا اور قرض لینے والے ممالک کو اپنے چنگل میں پھنسایا ہے۔