
جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کے حملے میں 2 فوجی جوان شہید ہوگئے ہیں، تاہم جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق دہشت گردوں نے جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں فوجی چوکی پر اندھا دھند فائرنگ کردی ،تاہم پاک فوج کے جوانوں نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک حملہ آور کو مار گرایا۔
آئی ایس پی آر کے فائرنگ کے تبادلے میں نائیک رشید اور سپاہی رسول بادشاہ شہید ہوگئے ، مارےگئے دہشت گرد کی تلاشی کے دوران اسلحہ اور اضافی گولیاں برآمد ہوئیں، حملہ آور پاکستانی فورسز اور عام شہریوں پر حملوں سمیت سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔
واقعہ کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا گیا ، علاقے میں دہشت گردوں کے ایکٹیو ہونے کے خطرے کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
خیال رہے کہ جنوبی وزیرستان میں گزشتہ تھوڑے عرصے کےدوران سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، دہشت گرد حملوں میں مجموعی طور پر ایک میجر سمیت 12 سےز ائد فوجی جوان شہید ہوچکے ہیں۔