جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کی ضمانت مسئلہ کشمیر کا حل ہے، آرمی چیف

6coas.jpg

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام کیلئے کشمیر کے دیرینہ مسئلے کا پرامن حل ضروری ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور انڈونیشیا کی وزیر خارجہ مسز رتنو لیستاری کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دونوں ملکوں کے باہمی دلچسپی کے امور ، افغان صورتحال سمیت خطے کی مجموعی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان باہمی دفاعی و سیکیورٹی تعاون، افغانستان میں بحالی و امدادی کارروائیوں میں شراکت داری کے امور پر بھی بات چیت ہوئی۔


آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ عالمی اور علاقائی امور میں پاکستان انڈونیشیا کے کردار کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، جنوبی ایشیاء میں استحکام کیلئے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ضروری ہے ، پاکستان کا اس حوالے سے موقف بالکل واضح ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل ہی جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام کی ضمانت ہے، پاکستان علاقائی امن و استحکام کیلئے ہمسایوں سے اچھے تعلقات کا خواہش مند ہے۔

ملاقات کے دوران انڈونیشیا کی وزیر خارجہ نے افغان صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کیلئے پاکستانی کوششوں کو سراہا۔

آرمی چیف نے افغانستان میں امن کے قیام اور مفاہمتی اقدامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ منظم اور سنجیدہ کوششوں سے افغانستان میں انسانی بحران سے بچاجاسکتا ہے، افغانستان میں انسانی المیہ پیدا ہونے سے پہلے اقدامات کرنا ہوں گے۔