کوئی یہ نہ سمجھے کے ہم اقتدار میں آتے ہیں انتقامی کارروائیاں شروع کر دیں گے : رہنما ن لیگ
سابق وزیر داخلہ ورہنما ن لیگ رانا ثناء اللہ نے نجی ٹی وی چینل سما نیوز کے پروگرام "ریڈلائن" میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن پنجاب کا تنظیمی اجلاس انتہائی اہمیت کا حامل تھا جس میں تمام پارلیمانی وعلاقائی رہنما موجود تھے۔ 2017ء میں جب ہم دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ جیسے بڑے مسائل پر قابو پا چکے تھے، مہنگائی قابو میں تھی اور ملک ترقی کی جانب سفر کر رہا تھا تو ایسے میں مسلم لیگ ن کے خلاف سازش کی گئی۔
ایک سوال کہ "میاں محمد نوازشریف کیخلاف سازش کرنے والے جنرل فیض اور جنرل باجوہ کے خلاف کوئی کارروائی کی جائے گی یا پھر یہ الزامات بیانیہ کی حد تک رہیں گے" کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہماری نظر میں جنرل فیض اور جنرل باجوہ صرف نوازشریف نہیں بلکہ قوم کے مجرم ہیں، ملک میں عوام جیسے فاقوں سے مر رہے ہیں اور معاشی بحران جس سطح پر جا چکا ہے اس کہ ذمہ دار یہی لوگ ہیں۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ سیاسی استحکام کے بغیر کوئی بھی ملک آگے نہیں بڑھ سکتا کیونکہ سیاسی استحکام ہی معاشی استحکام آتا ہے، ملک کو 2017ء میں سیاسی عدم استحکام کا شکار کیا گیا جس کی وجہ سے آج ہمارا ملک اس نوبت پر آچکا ہے کہ ڈیفالٹ سے بچتے ہیں تو عام کو روٹی نہیں دے سکتے۔
انہوں نے کہا کہ میاں محمد نوازشریف نے گزشتہ روز تقریر کرتے ہوئے بھی کہا ہے کہ جب مریض ڈیتھ بیڈ پر ہو تو پہلے اس کی جان بچائی جاتی ہے یہ نہیں کہا جاتا کہ پہلے مجرم کے پیچھے بھاگا جائے یہ مرتا ہے تو مر جائے۔ عوام نے اقتدار اگر مسلم لیگ ن کے حوالے کیا تو ہماری سب سے پہلی ترجیح ملک کے عوام کو ریلیف دینا اور ان کے مسائل کو حل کرنا ہو گا کیونکہ عام آدمی کی حالت انتہائی بری ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی یہ نہ سمجھے کے ہم اقتدار میں آتے ہیں انتقامی کارروائیاں شروع کر دیں گے اور عوام کے ریلیف پر توجہ نہیں دیں گے۔ پہلے عوامی مسائل کا حل نکالیں گے اور پھر جیسے جنرل مشرف کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا گیا تھا ویسے ہی ملک کو اس حال تک پہنچانے والوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/rana-snaa.jpg