جلسوں میں خواتین کیخلاف نعرے لگوانے والےاخلاقیات کی بات کررہے ہیں،اطہرکاظمی

10atherkazmi.jpg

سینئر صحافی اطہر کاظمی کا کہنا ہے کہ جلسوں میں عمران خان کی بیگم اور بہنوں کے خلاف نعرے لگوانے والے اخلاقیات کی بات کر رہے ہیں۔ شکر ہے رانا ثناء اللہ نے مخالفین پر گولیاں چلوانے کا اعلان نہیں کیا۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام رپورٹ کارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار اطہر کاظمی نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے ن لیگ کے خلاف نعرے لگانے پر شناختی کارڈ کینسل کرنے کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شکر ہے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے صرف مخالفین کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹس کینسل کرنے کا اعلان کیا ہے انہوں نے یہ نہیں کہا کہ جیسے ماڈل ٹائون میں گولیاں چلوائیں ویسے ہی ان کے ساتھ کریں گے۔


انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹائون میں ایسا کیا ہو رہا تھا کہ انہوں نے گولیاں چلوائیں، ابھی کچھ دن پہلے کی بات ہے کہ رانا ثناء اللہ ٹی وی پی گفتگو کرتے ہوئے کہہ رہے تھے کہ جہاں پر ہم نے آنسو گیس کے چار سو سے پانچ سو گولے مارنے تھے وہاں ہم نے ساڑھے چھ سو گولے مارے اور یہ بات کرتے ہوئے وہ مسلسل ہنس رہے تھے، ساتھ میں یہ بھی کہا کہ عمران خان کے ٹرک کیلئے ہم نے کہا تھا کہ ایک سو آنسو گیس کے گولے مارنے ہیں۔

جہاں تک اخلاقیات کی بات ہے مریم نواز اپنے جلسوں میں سابق وزیراعظم عمران خان کی بیگم اور بہنوں کے خلاف نعرے لگوا رہی ہوتی ہیں، ان جلسوں میں گوگی، پیرنی اور پنکی کے علاوہ ہوتا کیا ہے؟ انہیں اخلاقیات کی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے، ان کو کوئی حق نہیں کہ اخلاقیات پر قوم کو لیکچر دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کا ہر وہ اکائونٹ جس سے سابق وزیراعظم عمران خان یا ان کے کسی بھی اور مخالف پر تنقید کی جاتی ہے اسے مریم نوازشریف پوری ذمہ داری کے ساتھ فالو کر رہی ہوتی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ یہ جو اخلاقیات سکھانے والا ٹولہ ہے ان پر کوئی تنقید کر رہا ہوتا اور عمران خان اسے فالو کر رہا ہوتا تو ابھی تک انہوں نے پاکستان بھر میں قیامت برپا کر دینی تھی۔

انہوں نے کہا کہ یقینی طور پر یہ چیزیں نہیں ہونی چاہئیں، ناپسندیدہ ہیں اور دنیا بھر میں ناپسندیدہ سمجھی جاتی ہیں لیکن ان کے بانی سابق وزیراعظم عمران خان نہیں بلکہ یہی ن لیگ اور اخلاقیات والہ ٹولہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے خلاف چلائی جانے والی کمپین کے ذمہ دار عمران خان تھے؟ کیا جو اسمبلی میں گو بابا گو کے نعرے لگائے جاتے تھے اس کے ذمہ دار عمران خان تھے؟ اور جس طرح کی باتیں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے بارے میں کی جاتی تھیں کیا وہ پی ٹی آئی والے کرتے تھے تب تو عمران خان سیاست میں بھی نہیں آئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس گندی سیاست کے موجد ن لیگ والے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ ورثہ ہے جو نوجوانوں کو ملا ہے وہی اب اس کو ٹھیک کریں گے، ان لوگوں سے تو ہمیں کسی قسم کی امید نہیں ہے کہ رانا ثناء اللہ جیسا شخص اس کو ٹھیک کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کون سی جمہوریت ہے جس میں نعرہ لگائے اور شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کینسل کر دیئے جاتے ہیں۔