
ایف آئی اے نے جعلی بائیومیٹرک کے ذریعے موبائل سمز ایکٹیو کرکے فروخت کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے ) کے سائبر کرائم سرکل نے کوئٹہ میں ایک بڑی کارروائی کی اور مختلف شہریوں کے شناختی کارڈز پر جعلی طریقے سے بائیومیٹرک کرکے موبائل سمز فروخت کرنےوالے ملزم عرفان عاشق کو گرفتار کرلیا ہے۔
ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کو عرفان عاشق کے خلاف پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) کی جانب سے درخواست موصول ہوئی تھی جس پر کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی اے نے ملزم کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے ہزاروں کی تعدا د میں غیر قانونی موبائل فون سمز برآمد ہوئیں۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم غیر قانونی طور پر سیلیکون انگوٹھوں اور پیپر انگوٹھوں کی شیٹس کی مدد سے ان سمز کو بائیومیٹرک کے ذریعے ایکٹیو کرتا اور پھر انہیں فروخت کرتا تھا، ملزم کے قبضے سے2ہزار100 ایکٹیویٹڈ سمزبھی برآمد کی گئیں، اس کے ساتھ ساتھ ملزم سے 1ہزار 973 سیلیکون کے انگوٹھے اور 1ہزار947 پیپر انگوٹھوں کی شیٹس بھی قبضے میں لی گئی ہیں۔
ایف آئی اے نے ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔