
سرکاری محکموں میں مسلم لیگ ن نے ہی میرٹ پر ملازمتیں دینے کا نظام قائم کیا: وزیر ریلوے
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کوٹلہ ارب علی خاں میں مسلم لیگ ن کے یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کو جب بھی اقتدار ملا تو اسے اپنی مدت مکمل کرنے کا موقع نہیں دیا گیا۔ مسلم لیگ ن اور ہمارے قائد میاں محمد نوازشریف نے اپنے ہر دور میں ملک کے نوجوانوں کیلئے ایسے اقدامات کیے جن سے ان کو آگے بڑھنے کے مواقع ملے۔ قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نوازشریف نے ہی جدید پاکستان کے بانی ہیں۔
خواجہ سعید رفیق کا کہنا تھا کہ میاں محمد نوازشریف اور محمد شہبازشریف ہی ملک کے وہ پہلے وزیراعظم ووزیراعلیٰ ہیں جن کے دور میں وزراء کے کوٹے ختم کیے گئے۔ سرکاری محکموں میں مسلم لیگ ن نے ہی میرٹ پر ملازمتیں دینے کا نظام قائم کیا۔ پاکستان میں موبائل فون ٹیکنالوجی کو متعارف کروانا بھی میاں محمد نوازشریف کا ہی کارنامہ ہے جس کے باعث دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت امیج قائم ہوا۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی طرف سے سکولز، کالجز، یونیورسٹیرز قائم کی گئیں تاکہ اس ملک کی نوجوان نسل ترقی کے راستے پر چل سکے۔ ہم سیاسی کارکن ہیں اور جب سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں ہوتی ہیں تو ہمیں بالکل بھی اچھا نہیں لگتا۔ عمران خان کو آج جس مقام پر کھڑے ہیں اس کی وجہ ان کا تکبر، غلط فہمیاں اور دماغی خناس ہیں اس لیے آج کوئی ان کا ساتھ دینے کو تیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ عمران خان نے عوام کو گمراہ کیا، نوجوانوں میں بدگمانیوں کو پیدا کیا۔ مخالفین کے غلطیاں کرنے پر تنقید کرنا آپ کا حق ہے لیکن آپ کو جھوٹے الزامات لگانے کا کوئی حق نہیں۔ عمران خان نے حرکتیں ہی ایسی کی ہیں کہ اب ان کی خاتون خانہ عدالتوں میں پیش ہو رہی ہے، جب اپنے مخالفین کی خواتین کو عدالتوں میں بلوایا جاتا تھا وہ ٹھیک تھا کیا؟ کیا آپ کو ایسا کرنا زیب دیتا تھا؟