
وفاقی وزارت داخلہ نے توہین عدالت کیس میں عمران خان کے خلاف مزید شواہد جمع کروادیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی ہے، چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ جمعہ کے روز دن 11 بجے کیس کی سماعت کرے گا۔
وزارت داخلہ نے سپریم کورٹ میں عمران خان کے خلاف ایک متفرق درخواست بھی دائر کردی ہے جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ عمران خان کے خلاف توہین عدالت کا کیس زیر التوا ہے، اس میں مختلف رہنماؤں کے بیانات، 25 مئی کے احتجاج کےد وران کی گئی تقاریر کے ویڈیو کلپس بھی جمع کروانے کی استدعا کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے عمران خان کے دستخط شدہ تفصیلی بیان طلب کیا گیا تھا اور ساتھ ہی عمران خان کے وکیل بابراعوان اور فیصل چوہدری کی جانب سے عدالت کو کروائی گئی یقین دہانی کی تفصیلات بھی طلب کی گئی تھیں، عمران خان کے وکلاء کی جانب سے اپنے اپنے جوابات عدالت میں جمع کراوادیئے گئے ہیں۔