
وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کیلئے اپنا ہوم ورک مکمل کرلیا، تیاری پر اطمینان کا اظہار کردیا۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یہ گفتگو پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی سے ملاقات کے موقع پر کی، اس ملاقات میں دیگر اراکین اسمبلی سمیت ریاض فتیانہ اور نصر اللہ دریشک بھی شریک تھے۔
اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے ممکنہ طور پر پیش کی جانے والی تحریک عدم اعتماد اور اس کو ناکام بنانے کیلئے حکومتی تیاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی پراعتماد رہیں ، سب ٹھیک ہے اورہم اپنا ہوم ورک مکمل کرچکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کیلئے ہمارے نمبرز پورے ہیں، تمام اتحادی بھی ہمارے ساتھ ہیں، اپوزیشن عدم اعتماد کی تحریک لاکراپنا شوق پورا کرلے انہیں اندازہ ہوجائے گا۔
اس دوران اراکین اسمبلی کی جانب سے بھی وزیراعظم کو اطمینان دلایا گیا کہ وہ کہیں نہیں جارہے نہ ایسا سوچا، وزیراعظم مطمئن رہیں ہم آپ کی ٹیم کا حصہ ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے اراکین اسمبلی کی باتوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے اراکین اسمبلی وفاداری پر مکمل یقین ہے، پی ٹی آئی کے سب اراکین متحد ہیں۔