
سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے تحریک عدم اعتماد پر تعاون کے حصول کے لئے ایم کیو ایم کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کیا، انہیں یقین دہانی کرائی گئی کہ جو طے کیا جائے گا اس پر عمل کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اورسابق صدر آصف علی زرداری نے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری نے خالد مقبول صدیقی سے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے ایم کیو ایم کے فیصلے سے متعلق دریافت کیا، خالد مقبول کا کہنا تھا کہ پارٹی جلد ہی حتمی فیصلے پر پہنچ جائے گی۔
اس موقع آصف علی زرداری نے خالد مقبول کو ملاقات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آپ اسلام آباد آئیں، ملاقات کرتے ہیں جو طے ہوگا اس پر عمل ہوگا میں اور بلاول براہ راست معاملات کی خود نگرانی کریں گے، آپ براہ راست مجھ سے اور بلاول سے رابطے میں رہیں۔ ذرائع کے مطابق خالد مقبول نے ملاقات پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ میں کل اسلام آباد پہنچوں گا۔
اس سے قبل پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور ایم کیو ایم رہنماؤں کی ملاقات ہوئی جس میں مولانا فضل الرحمان نے ایم کیو ایم سے تحریک عدم اعتماد پر ایک مرتبہ پھر اپوزیشن کا ساتھ دینے کی درخواست کی۔
ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول کی جانب سے بتایا گیا کہ مشاورتی اور مذاکراتی عمل جاری ہے، دو سے تین دن میں حتمی فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا ہمارے زیادہ تر نکات صوبے سے متعلق ہیں جو پیپلز پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں، ایم کیو ایم کے نکات پر عمل درآمد تو شروع کیا جائے، کم از کم سپریم کورٹ کے بلدیاتی ایکٹ کے حوالے سے فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے۔