
سینئر تجزیہ کار حبیب اکرم نے کہا ہے کہ عمران خان کی آج کی تقریر سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ کسی سمجھوتے کے موڈ میں نہیں ہیں۔
دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتےہوئے حبیب اکرم نے کہا کہ پنجاب میں جو ایک ممکنہ تبدیلی کا تاثر پیدا ہوا تھا آج وہ بھی زائل ہوگیا کیونکہ وزیراعظم اپنے وضع کردہ اصولوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان یہ سمجھتے ہیں کہ اگر اپوزیشن ان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پاس کروانے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو بھی ان کا اتنا نقصان نہیں ہے وہ سیاسی طور پر اپنی جدوجہد کو بہتر انداز میں آگے بڑھا سکتے ہیں اور اپنے سیاسی مخالفین کو مشکل میں ڈالے رکھیں گے۔
حبیب اکرم نے کہا کہ وزیراعظم اب اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ عدم اعتماد پاس ہوگئی تو بھی ٹھیک اسے ناکام بنانے کیلئے کسی بھی حد سے گزرنا ٹھیک نہیں ہوگا،لہذا ایسی صورتحال میں کسی شخص پر دباؤ ڈالنا ذرا مشکل ہوجاتا ہے۔
سینئر تجزیہ کار نے کہا کہ اپوزیشن نے حکومت کے خلاف سب سے بڑا حربہ استعمال کرلیا ہے اس کے بعد اب حکومت کو بھی یہ اختیار مل جاتا ہے کہ وہ اپوزیشن کا مقابلہ کرنے کیلئے ہر قانونی آپشن کو استعمال کرے، اگر عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہوجاتی ہے تو اپوزیشن کیلئے پھر مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔