بہن کے قتل کی ویڈیو بنانے والے بڑے بھائی و بھابی کے ہوشربا انکشافات

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھائی کے ہاتھوں قتل ہونے والی 22 سالہ مارہہ کے بڑے بھائی اور بھابھی نے واقعہ کے حوالے سے ہوشربا انکشافات کردیئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے چک نمبر 477 میں بھائی کے ہاتھوں قتل ہونے والی مارہہ کے قتل کی ویڈیو بنانے والے بڑے بھائی شہباز اور بھابھی نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے قتل کے حوالے سے اہم انکشافات کردیئے ہیں۔

مقتولہ کے بھائی شہباز نے بتایا کہ بہن نے اپنے ساتھ زیادتی کا بتایا تھا جس پر میں نے افطار کے بعد والد اور بھائی سے بات کی، اس کے بعد جیسے ہی میں باہر آیا تو والد اور بھائی نے میری آنکھوں کے سامنے ماریہ کو قتل کردیا۔

شہباز نے مزید کہا کہ میں نے اپنی بہن کو بچانے کی کوشش کی تو والد اور بھائی نے میری بیٹیوں کو مارنے کی دھمکی دی جس کی وجہ سے میں خاموش ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے خاموشی سے قتل کے پورے منظر کی ویڈیو بنالی، ہمارا پولیس سے مطالبہ ہے کہ میری مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرے۔

میڈیا رپورٹس میں ماریہ کے قاتل بھائی فیصل کا ایک بیان بھی سامنے آرہا ہے جس میں فیصل کا کہنا ہے کہ میں نے اور والد ستار نے ماریہ کے ساتھ زیادتی کی، ماریہ نے اس کی شکایت میری اہلیہ اور چھوٹے بھائی کی اہلیہ سے لگادی جس کے بعد میں نے اور والد نے ماریہ کے قتل کی منصوبہ بندی کی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 22سالہ ماریہ کے قتل کی ایک ہولناک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں ایک شخص کو اپنی ہی بہن کے منہ پر تکیہ رکھ کر بے دردی سے اس کا قتل کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
قتل کے وقت کمرے میں قاتل و مقتولہ کے والد، بھائی اور بھابھیاں بھی موجود ہیں، قتل کے بعد ورثاء نے لڑکی کی موت کو طبعی قرار دے کر اس کی خاموشی سے تدفین تھی۔

پولیس کے مطابق واقعہ کے تقریبا 10 روز بعد مذکورہ ویڈیو سامنے آئی ہے جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔