
پنجاب کے ضلع بہاولنگر میں خواتین کو سرعام ہراساں کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے،ملزم کی نازیبا حرکات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں جس پر ڈی پی او فیصل گلزار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کا حکم دیا تھا۔
ترجمان پولیس کے مطابق ڈی پی او نے ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کرنے کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی جس کے بعد پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے فوری کارروائی کرتے ہوئے چند ہی گھنٹوں میں ملزم شاہد محمود کو گرفت میں لے لیا۔
ڈی پی او فیصل گلزار نے واضح طور پر کہہ دیا کہ خواتین کو ہراساں کرنے والے ملزمان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں، ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
گزشتہ سال پنجاب میں سینٹرل پولیس آفس پنجاب سے موصول ہونے والے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے ستمبر تک 20 ہزار 500 سے زائد ایسے جرائم رپورٹ ہوئے جن میں خواتین جنسی یا جسمانی طور پر نشانہ بنایا گیا۔
خواتین کے حوالے سے درج مقدمات میں تقریباً 39 ہزار 500 کے قریب ملزمان ملوث تھے۔ ان میں ساڑھے 15 ہزار سے زائد وہ ملزمان ہیں جنھوں نے خواتین کو ان کی مرضی کے خلاف شادی کرنے اور اُنھیں زبردستی جنسی تعلقات قائم کرنے کیلیے اغوا کیا تھا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/hs-police-arr.jpg