
پاکستانی عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں جبکہ پڑوسی ملک بھارت میں عوام کو ریلیف دیا جارہاہے،بھارت میں خام تیل کے بعد اب کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی کمی کردی گئی ہے۔
بھارت کی مقامی مارکیٹ میں کھانے پکانے کے سرسوں، سویا بین، مونگ پھلی، پام آئل سمیت دیگر خوردنی تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی جارہی ہے،مقامی مارکیٹ میں سویابین، سرسوں، پامولین اور مونگ پھلی سمیت متعدد خوردنی تیل کی قیمتوں میں 7 سے 10 روپے فی لیٹر تک سستی ہوئی ہیں۔
ماہرین کے مطابق قیمتوں میں کمی انڈونیشیا کی جانب سے برآمدات کھولنے کے بعد ہوئی ہے، سویا بین اور پامولین آئل کی قیمتوں میں تقریباً 100 ڈالر کی کمی ہوئی،بیرون ملک سورج مکھی کے تیل کی قیمتیں اب بھی آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔
بھارت کی مقامی منڈیوں میں سرسوں کے تیل کی قیمت بلند ترین سطح سے تقریباً 45 سے 50 روپے فی لیٹر کم کردی گئی ہے، یوپی، بہار، مدھیہ پردیش اور راجستھان جیسی بڑی ریاستوں میں بھی سرسوں کے تیل کی قیمت 170 روپے فی لیٹر سے کم ہوگئی ہیں۔
بھارتی حکومت نے گزشتہ ہفتے پٹرول کی قیمتوں میں ساڑھے 9 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا،پٹرولیم مصنوعات پر ایکسائز ڈیوٹی کم کرنے سے پیٹرول کی قیمت کم کی گئی تھی،بھارت میں فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 95.91 اور ڈیزل کی قیمت فی لیٹر 89.67 روپے ہے۔