بھارتی ریاست میں نسلی تصادم، پرتشدد مظاہروں کے بعد کرفیو نافذ انٹرنیٹ سروس معطل
بھارتی ریاست منی پور میں نسلی فسادات شدت اختیار کرگئے، انتظامیہ نے پرتشدد مظاہروں کے بعد کرفیو نافذ کرکے انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں مختلف تنازعات کا شکار شمال مشرقی ریاست منی پور میں نسلی فسادات پھوٹ پڑے ہیں
یہ ریاست ایک سال سے ہندو اکثریتی میتی اور مسیحی کوکی برادری میں وقفے وقفے سے جھڑپوں کے بعد نسلی تقسیم کا شکار ہے، چند ماہ پرسکوں گزرنے کے بعد گزشتہ ہفتے سے شروع ہونے والے فسادات نے علاقے کو ایک بار پھر اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
تازہ ترین واقعات میں اب تک 11افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں جس کے بعد وزارت داخلہ نے صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے علاقے میں انٹرنیٹ سروس کو پانچ روز کیلئے مکمل طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔
وزارت داخلہ کے مطابق سماج دشمن عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت انگیز تقاریر اور ویڈیوز کو پھیلاتے ہیں جس سے عوامی جذبات کو بھڑکانے میں مدد ملتی ہے، اسی لیے امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور جھوٹی خبروں کو پھیلنے سے روکنے کیلئے مناسب اقدامات ضروری ہوگئے ہیں۔