بھارتی بحریہ کی نااہلی، سب میرین ماہی گیر کشتی سے ٹکرا گئی

3indiannavykjskjdkjd.png


بھارتی بحریہ کی نا اہلی ایک بار پھر دنیا کے سامنے آگئی۔ جمعرات کے روز بھارتی بحریہ کی سب میرین گوا کے ساحل سے 70 میل دور ایک ماہی گیر کشتی "مارتھوما" سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں دو ماہی گیر لاپتہ ہو گئے۔

بحریہ کے ترجمان کے مطابق کشتی پر 13 افراد سوار تھے، جن میں سے 11 کو بچا لیا گیا ہے، جبکہ دو افراد کی تلاش جاری ہے۔ بحریہ نے چھ جہازوں اور طیاروں کے ذریعے مشترکہ سرچ اور ریسکیو آپریشن شروع کیا ہے۔ مزید امدادی وسائل کوسٹ گارڈ کی مدد سے علاقے میں پہنچائے جا رہے ہیں۔

ترجمان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ "مارتھوما کشتی کے دو لاپتہ عملے کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور اس عمل کو میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر (MRCC) ممبئی کے تعاون سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔"


یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب سب میرین مغربی ساحل کے ساتھ اپنی راہ پر گامزن تھی۔ حادثے کی وجوہات کا جائزہ لینے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ حادثہ بھارتی بحریہ کی تربیت اور آپریشنل استعداد پر سوالیہ نشان لگاتا ہے، جو حالیہ برسوں میں بارہا مختلف واقعات کی وجہ سے تنقید کی زد میں رہی ہے۔ دوسری جانب، متاثرہ ماہی گیروں کے اہل خانہ شدید صدمے میں ہیں اور لاپتہ افراد کی فوری بازیابی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
 

Back
Top