
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے کہ وہ چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے ہائبرڈ ہوسٹنگ ماڈل کو مسترد کرتا ہے۔ یہ اعلان آئی سی سی کے جمعہ کے اجلاس سے قبل کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، پی سی بی نے اجلاس سے پہلے اپنا مؤقف دوٹوک انداز میں پیش کیا ہے اور کرکٹ کی عالمی باڈی کو واضح کر دیا ہے کہ پاکستان چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی کے حقوق کسی دوسرے ملک کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے بالکل بھی تیار نہیں ہے۔
پی سی بی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی کو اس اہم مسئلے کا قابل عمل حل فراہم کرنے کا کہا گیا ہے، تاکہ تیاری کے لیے مزید وقت مل سکے اور حتمی فیصلے تک پہنچنا آسان ہو جائے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ بات بھی واضح کی ہے کہ ایسا کیسا ممکن ہے کہ پاکستانی ٹیم بھارت کا دورہ کرے جبکہ بھارتی ٹیم پاکستان آنے سے انکار کرے۔
چیمپیئنز ٹرافی فروری و مارچ 2025 میں پاکستان میں ہونے کا پروگرام ہے، لیکن بھارت کی جانب سے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کے باعث ٹورنامنٹ کے انعقاد میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
پی سی بی نے ہائبرڈ ماڈل کی بار بار مخالف کرتے ہوئے اپنے مؤقف پر قائم رہنے کا عہد کیا ہے کہ ایونٹ کی میزبانی صرف پاکستان میں کی جائے گی۔
آئی سی سی کی جانب سے جمعہ کو ہونے والے اجلاس میں اس مسئلے کے بارے میں خدشات دور کرنے کی امید ہے، جبکہ پی سی بی نے یہ بھی کہا ہے کہ کسی بھی فیصلے میں شفافیت اور مساوات کو برقرار رکھنا آئی سی سی کی ذمہ داری ہوگی۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/8gQbXrL/PCB1.jpg