بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف لیگی ارکان پنجاب اسمبلی کا انوکھااحتجاج

7pmlnpunjabmehgai.jpg

ہوشربا مہنگائی کے خلاف انوکھا احتجاج، پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن ارکان احتجاجی مظاہرے کے لئے سبزیاں اور روٹیاں اٹھا لائے۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں مہنگائی میں روز افزوں اضافے پر پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن ارکان نے احتجاج کیا، کئی ارکان روزمرہ استعمال کی اشیاء مہنگی ہونے پر روٹی اور سبزیاں لے آئے تو ایم پی اے مرزا محمد جاوید نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر احتجاجاً سائیکل کے ذریعے پنجاب اسمبلی تک سفر کیا، مسلم لیگ ن کی رکن اسمبلی راحیلہ خادم حسین پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں چوڑیاں لے آئیں۔

اس موقع پر ایم پی اے مرزا محمد جاوید کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے تھےکہ سائیکل پر پارلیمنٹ جائیں گے ، وزیراعظم تو نہیں گئے لیکن وہ سائیکل پر پنجاب اسمبلی آگئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کہتے ہیں کہ پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہونے کے بعد گاڑی چلانا مشکل ہو چکا ہے، شہریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے بطور احتجاج آج سائیکل پر اسمبلی آیا ہوں۔


مسلم لیگ (ن)کی ایم پی اے راحیلہ خادم کا کہنا تھا کہ سبز رنگ کی چوڑیاں عمران خان کے لیے، پیلے رنگ کی چوڑیاں وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے اور لال رنگ کی چوڑیاں حکومتی ارکان اسمبلی کے لئے لائی ہوں۔


راحیلہ خادم نے عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی ارکان عوامی مسائل سے غافل نئی دلہن کی طرح اپنے گھروں اور دفاتر میں بیٹھے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی خواتین ارکان اسمبلی نے احتجاجی مارچ بھی کیا جس میں عظمیٰ بخاری سمیت دیگر ن لیگی رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔

مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور مطالبہ کیا کہ عوام پر رحم کیا جائے۔ ن لیگی ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے خلاف ایوان کے ہر سیشن میں بھرپور احتجاج کریں گے۔