بلوچستان کے بعض علاقوں میں چہرہ ڈھانپ کر سفر کرنے،ڈبل سواری پر پابندی عائد

Cropped-1741227402jpp081465270.jpg

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر عوام کے ماسک پہن کر یا چہرہ ڈھانپ کر نقل و حرکت کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ موٹر سائیکل پر ڈبل سواری بھی 10 جون تک ممنوع قرار دی گئی ہے۔

بی بی سی اردو کے مطابق اس حوالے سے نوشکی اور سوراب کے اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشنز جاری کیے گئے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نوشکی احمد یار بلوچ نے فون پر رابطہ کرنے پر اس اقدام کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ عوام کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔

ضلع سوراب کے اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ حالیہ شدت پسندی کے واقعے کے پیش نظر عوام ماسک یا کسی بھی چیز سے چہرہ چھپا کر سفر نہ کریں۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر کوئی شہری سیکیورٹی فورسز کے جاری آپریشن کے دوران قریب پایا گیا تو کسی بھی جانی یا مالی نقصان کی ذمہ داری اس پر عائد ہوگی۔

انتظامیہ کے مطابق عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ سوراب شہر میں چند روز قبل بڑی تعداد میں نامعلوم مسلح افراد داخل ہوئے تھے، جنہوں نے دو گھنٹے سے زائد شہر پر قبضہ کیے رکھا، متعدد سرکاری دفاتر کو نذرِ آتش کیا، اور اس دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی جان کی بازی ہار گئے۔ اس حملے کی ذمہ داری کالعدم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی۔

دوسری جانب، گزشتہ روز سیکیورٹی حکام نے دعویٰ کیا کہ بلوچستان کے دو مختلف علاقوں، بولان (ضلع کچھی) اور قلات میں کارروائیوں کے دوران سات مبینہ شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
 

Back
Top