
بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرکے 7 دہشت گردوں کو مار گرایا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق بلوچستان کے علاقے گورچوپ تربت میں دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق انٹیلی جنس معلومات موصول ہوئیں جس پر سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کےدوران دہشت گردوں نے اپنے ٹھکانوں کو چھوڑ کر فرار ہونے کی کوشش کی اور اسی دوران انہوں نے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں پر اندھا دھند فائرنگ بھی کردی۔
https://twitter.com/x/status/1501213847281098757
تاہم سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کےدوران دہشت گرد کمانڈر حاصل دادو اور واشدل سمیت 7 شدت پسندوں کو مار گرایا اور ان کے ٹھکانوں سے بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق مارے جانے والے دہشت گردوں پر کچھ عرصہ قبل مکران میں فائرنگ اور فورسز پر حملے میں ملوث ہونے کا الزام تھا۔
پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے آپریشن جاری رہے گا، پاک فوج بلوچستان سمیت ملک بھر کے امن و ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دے گی۔