
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے سابق وزیراعظم وقائد ن لیگ میاں نوازشریف پر شدید تنقید کے باوجود چیف آرگنائزر ن لیگ مریم نوازشریف نے اپنی توپوں کا رخ سابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی طرف رکھا ہوا ہے۔ پنجاب کے شہر جلالپور جٹاں میں ن لیگ کے یوتھ کنونشن سے خطاب میں کہا کہ ہمارے جن مخالفین نے کہا کہ نوازشریف کی سیاست اب ختم ہو چکی ہے وہ سب اپنے اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں۔
انہوں نے عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میاں نوازشریف کو ماضی میں چور کہنے والا آج خود سے جیل میں بیتھا ہوا ہے۔ نوازشریف پر جلسوں میں چوری کا الزام لگانے والے کبھی بھی معاملہ عدالت لے کر نہیں گیا۔ ایک بار وزیراعظم رہنے والے شخص کی چوری کے چرچے ہیں لیکن نوازشریف پر آج تک کرپشن پر کوئی الزام نہیں لگا، اس شخص سے چوری کا حساب مانگا گیا تو ٹانگ پر پلستر چڑھا لیا۔
انہوں نے کہا کہ 60 ارب روپے کی ڈکیتی مارنے والا شخص جیل میں بیٹھ کر کبھی دیسی مرغی تو کبھی ایکسائز مشین کا مطالبہ کر رہا ہے، اگر جیل میں اسے سہولت دینی ہے تو تمام قیدیوں کو یہ سہولت دی جائے۔ جیل میں اپنے اعمالوں کی سزا بھگتنے والے کا نام بھی نہیں لینا چاہتی، ایک بار اقتدار ملنے پر اس شخص پر ملکی تاریخ میں کرپشن کا سب سے بڑا کیس بنا۔
انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف کو تین دفعہ ملک کا اقتدار ملا لیکن اس پر کوئی چوری کا الزام نہیں لگا سکا، اس شخص نے بہت جھوٹ بولے، نوازشریف کے بجائے اس کے اعمال نے ہی اس سے انتقام لے لیا۔ کہا گیا کہ نوازشریف تاریخ کا حصہ بن گیا، کبھی واپس نہیں آئے گا لیکن سازش کرنے والوں نے دیکھا کہ میاں نوازشریف کس عزت کے ساتھ اپنے وطن واپس آیا۔
انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف کا استقبال کرنے کے لیے 21 اکتوبر کو پورا ملک سڑکوں پر امڈ آیا تھا اور سڑکیں چھوٹی پڑ گئی تھیں۔ نوازشریف اب بھی عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں، وہ لوگ جو کہہ رہے ہیں کہ نوازشریف کو عدالتوں سے فیور مل رہی ہے، انہیں شرم آنی چاہیے۔ نوازشریف کو انصاف رینگ رینگ کا مل رہا ہے، ان کے خلاف پانامہ کے نام پر جھوٹ پہ جھوٹ بولا گیا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/marya111h1h.jpg