اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے سیشن کورٹ میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کردی۔
اپنی درخواست میں شہباز گل نے موقف اختیار کیا کہ حکومت نے پی ٹی آئی کے ساتھ حساب برابر کرنے کے لیے جھوٹا مقدمہ درج کیا، تفتیش میں پولیس مجھ پر کوئی الزامات ثابت نہیں کر سکی۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے جھوٹی ایف آئی آر درج کی گئی ، شہباز گل کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کی جائے۔
ایڈیشنل سیشن جج محمد عدنان خان نے شہباز گل کی درخواست ضمانت پر پیر کے لیے تفتیشی افسر اور پراسیکوٹر کو نوٹس جاری کر دئیے
واضح رہے کہ گزشتہ روز عدالت نے پولیس کے شہبازگل کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست خارج کردی تھی جس کے بعد پولیس نے اپیل کیلئے سیشن کورٹ سے رجوع کیا۔
سیشن کورٹ نے بھی شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد ہونے کے خلاف نظرثانی اپیل بھی خارج کردی تھی اور شہباز گل کو جوڈیشل پر جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔