ملک کو اس وقت جو بھی مشکل حالات درپیش ہیں ان کا واحد حل میاں محمد نوازشریف کے پاس ہے: رہنما ن لیگ
سابق وفاقی وزیر ورہنما مسلم لیگ ن رانا ثنا اللہ نے فیصل آباد میں تنظیمی عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میاں محمد نوازشریف کے دور میں ملک ترقی کی طرف رواں دواں تھا۔ تحریک انصاف اقتدار میں آئی تو اس دوران ملک سے کھلواڑ کیا گیا جس کے بعد ہم نے عدم اعتماد کر دیا۔ ملک بھر کے معاشی ماہرین نے کہا کہ اگر تحریک انصاف حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک نہ آتی تو ملک ڈیفالٹ کر جاتا۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد 16 مہینے تو ہمیں عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو منانے میں لگ گئے کہ پاکستان کے ساتھ معاہدہ کر لیں۔ تحریک انصاف کی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ کیا گیا معاہدہ توڑا جس کا خمیازہ ہمیں بھگتنا پڑا۔ 12 اکتوبر 1999کو نوازشریف کی منتخب حکومت کا تختہ الٹایا نہ گیا ہوتا تو آج ملک ایشین ٹائیگر بن چکا ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ 12 اکتوبر نہ ہوتا تو اب تک ہمارا ملک گروپ آف 8 (جی 8) ممالک میں شامل ہوتا۔ ہمارا ماننا ہے کہ ملک کو اس وقت جو بھی مشکل حالات درپیش ہیں ان کا واحد حل میاں محمد نوازشریف کے پاس ہے۔ پوری قوم نے آئندہ عام انتخابات میں میاں محمد نوازشریف پر اعتماد کا اظہار کر دیا تو ہمارا ملک بحرانوں سے باہر نکل آئے گا۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم شہبازشریف نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی طرف ہاتھ بڑھا کر کہا کہ آئین ہم مل کر چارٹر آف اکانومی کرتے ہیں لیکن اس شخص نے اپوزیشن کے ساتھ ہاتھ ملانا بھی گوارا نہیں کیا۔ تحریک انصاف 4 برسوں تک ملک پر عذاب کی طرح مسلط رہی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے دوراقتدار میں تعیناتیاں فرح گوگی کرواتی رہیں، وزیراعظم ہائوس میں کہا گیا تھا کہ اگر فرح گوگی آئے تو اس کی کوئی چیکنگ نہ کی جائے کیونکہ وہ اپنے ساتھ کچھ لاتی رہی۔ تحریک انصاف کے دور میں کرپشن کے ریٹ میں اضافہ ہوا، نوازشریف کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، وہ ملک کے لیے امید بن کر آ رہا ہے، اس کا سب کو ساتھ دینا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی پر ان کا لاہور میں والہانہ اور مثالی استقبال کیا جائے گا جس کے لیے پورے ملک سے کارکن لاہور میں اکٹھے ہوں گے۔ مسلم لیگ ن ہی ایسی جماعت ہے جو ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔ تحریک انصاف کا بطور سیاسی جماعتی انتخاب میں حصہ لینے کا حامی ہوں لیکن 9 مئی کرنے والوں کو سیاست کرنے کا حق نہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/rana-sanaa-ullah-pak-nd.jpg
Last edited by a moderator: