
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹرشہباز گل نے کہا ہے کہ مریم نواز شریف پرانی فلم پٹنے کے بعد 15 دن کی چھٹی پر گئی ہیں، ایک نئی آڈیو بھی آنے والی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی شہباز گل نے مخالفین پر طنز کے نشتر برسائے اور کہا کہ اگر باجی 15 دن کی چھٹی لے سکتی ہیں تو میں بھی وزیراعظم سے 15 دن کی چھٹی مانگتاہوں۔
انہوں نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کا نام لیے بغیر کہا کہ باجی کی ایک اورآڈیو سامنے آرہی ہے جس میں یہ پتا چلے گا کہ کس نے میڈیا ورکرز کا استحصال کیا، اس آڈیو کے سامنے آنے کیلئے صحافی بھائی پر انحصار ہے کہ وہ کب اسے ریلیز کرتے ہیں۔
ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ پرانی فلم پٹ گئی ہے اسی لیے مریم 15 دن کی چھٹی پر گئی ہیں،ا گر نئی آڈیو ان 15 دنوں میں آگئی تو چھٹی طویل بھی ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے 15 دن کیلئے تمام سیاسی مصروفیات ترک کردی ہیں۔
اس حوالے سے مسلم لیگ ن کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے اپنے بیٹے جنید صفدر کی شادی کی تیاریوں اور ولیمے سے متعلق انتظامات کے سلسلے میں مریم نواز نے 15 روز کیلئے سیاسی سرگرمیاں ترک کردی ہیں۔