
ایک طرف تو ملک بھر میں جعلی سوسائٹیاں کا جال پھیل رہا ہے تو دوسری طرف ہائوسنگ سوسائٹیوں کے مالکان دھڑا دھڑا نجی ٹی وی چینلز کی خریداری میں لگے ہوئے ہیں کیونکہ رئیل سٹیٹ کے شعبے سے جڑے افراد کو یقین ہے کہ کسی چینل کو خریدنے کے بعد ان کے اثرورسوخ میں اضافہ ہوتا ہے جس سے وہ بہت سے فائدے اٹھا سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں رائیونڈ روڈ کے قریب قائم الکبیر ہائوسنگ سوسائٹی کے مالک چوھدری اورنگزیب نے نجی ٹی وی چینل نیوز ون اور وسیب ٹی وی چینل خرید لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس سے پہلے بھی رئیل سٹیٹ کے شعبے سے وابستہ بڑے پراپرٹی ٹائیکونز میڈیا کے مختلف اداروں کو خرید چکے ہیں جن میں ایک بڑا نام پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کا ہے جنہوں نے ایکسپریس میڈیا گروپ کو خریدا ہے۔ میڈیا گروپ خریدنے والوں میں دوسرا بڑا نام استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور پارک ویو سوسائٹی کے مالک عبدالعلیم خان کا ہے جنہوں نے حال ہی میں سماء ٹی وی خریدا ہے۔
اس کے علاوہ الرحمان گارڈن نامی ہائوسنگ سوسائٹی کے مالک نے کیپیٹل ٹی وی نیوز چینل، بلیو ورلڈ سٹی نامی ہائوسنگ سوسائٹی کے مالک سعد نذیر نے سنو ٹی وی کو خرید رکھا ہے۔ سول سوسائٹی لاہور نامی غیرقانونی ہائوسنگ سوسائٹی کے مالک اسد کھوکھر نے پی این نیوز چینل جبکہ ایئرسیال + ڈویلپرز نے ٹیلن نیوز خرید رکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیوزچینل نیوز ون اس سے پہلے ایڈوٹائزنگ انڈسٹری کی معروف شخصیت تاجر طاہر اے خان کی زیرملکیت تھا جسے اب الکبیر ٹائون کے مالک چودھری اورنگزیب نے خرید لیا ہے۔ ملک کے بیشتر نیشنل ٹی وی چینلز کو رئیل سٹیٹ کے شعبے سے جڑے افراد نے خرید رکھا ہے یا کسی نیوز چینل کا نئے لائسنس خریدنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
الکبیر گروپ کے مالک چودھری اورنگزیب نے نیوز ون اور وسیب ٹی وی چینل خریدنے کے بعد اپنا پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ 12 ربیع الاول کے مبارک موقع پر ایئرویوز میڈیا گروپ اور الکبیر گروپ آف کمپنیز کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔ الکبیر گروپ نے نیوزون اور ویب ٹی وی کا کنٹرول سنبھال لیا ہے جو اب کراچی سے کشمیر تک کے عوام کی آواز بن کر ان کے مسائل اعلیٰ ایوانوں تک پہنچائے گا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/news-11j1.jpg