
وفاقی حکومت نے سوشل میڈیا مواد کے حوالے سے ایف آئی اے کو کارروائی کےا ختیارات دینے کے فیصلے پر یوٹرن لیتے ہوئے اسے صحافی برادری سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت سے مشروط کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے اس فیصلے پر عمل درآمد روکنے سے متعلق اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس بل سے آزادی رائے پر قدغن لگے گی تو ہم اسے بالکل واپس لیں گے، یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے اندیشہ ہے کہ آزادی رائے کو نقصان نا پہنچے، اسی لیے فیصلہ کیا ہے کہ میڈیا، صحافتی تنظیمیں اور تمام اسٹیک ہولڈرز حکومت کی رہنمائی کریں ۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ یہ بل پارلیمنٹ میں حکومت لارہی ہے جہاں اس معاملے پر تفصیلی مباحثہ ہوگا، سوشل میڈیا پر کچھ چیزیں ایسی ہیں جن کو کنٹرول کیا جانا چاہیے، سوشل میڈیا پر لوگوں کی زندگیوں کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے ایف آئی اے کو بااختیار بنانےکیلئے ایکٹ میں ترمیم منظور کی تھی جس کے تحت ایف آئی اے کو سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف افواہوں اور غلط معلومات پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کا اختیار دیا گیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/4fiagovtuirn.jpg