
فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے مبینہ طور پر آرمی چیف کی فیملی کے ٹیکس ریٹرن لیک میں ملوث گریڈ 18 کے دو افسران کو عہدوں سے ہٹا کر تحقیقات شروع کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا کا دعویٰ ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے اہلخانہ کی ٹیکس ریٹرن لیک ہونے کیلئے لاگ ان آئی ڈی اور پاس ورڈ کے استعمال کے مبینہ شبے میں جن دو افسروں کے خلاف تحقیقات کی جارہی ہیں انہیں فوری طور پر آر ٹی او سے تبدیل کردیا گیا ہے۔
ایف بی آر نے ریجنل ٹیکس آفس لاہور کے گریڈ 18 کے ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو عاطف نواز وڑائچ اور ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو ظہور احمد کو تبدیل کرکے ایف بی آر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کے ایڈمن پول بھجوا دیا ہے۔
اس کے ساتھ ان افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ آن لائن ہیومن ریسورس مینجمنٹ سسٹم یا اپنا آئی جے پی لاگن استعمال کرتے ہوئے اپنے عہدوں کا چارج چھوڑ کر ایف بی آر ہیڈ کوارٹر ایڈمن پول رپورٹ کریں۔
جبکہ اس کے علاوہ دیگر 6 افسران کے بھی تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ جن افسران کے تبادلے کیے گئے ہیں ان میں گریڈ 19اور 20 کے اعلیٰ افسران جبکہ گریڈ16 کے انسپکٹر لیول کے سرکاری ملازمین بھی شامل ہیں۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/isshahsssb.jpg