صوبہ پنجاب اور سندھ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کرنے والے ماہرین کو بڑی کامیابی مل گئی ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اوجی ڈی سی ایل کے ماہرین کو تیل و گیس کی تلاش کے دوران سندھ و پنجاب میں بڑے ذخائر ملنے کا انکشاف ہوا ہے۔
اوجی ڈی سی ایل کے ترجمان کے مطابق پنجاب کے کچلاس بلاک میں کلیرشم1 پر گیس کے بڑے ذخائر دریافت ہوئے ہیں، کلیرشم کنویں1 سے1اعشاریہ24 ملین مکعب کیوبک فٹ یومیہ گیس حاصل کی جاسکتی ہے، ماہرین اس ذخیرے کو مقامی وسائل کیلئے ایک اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔
کچلاس ایکسپلوریٹری لائسنس کے مطابق اس دریافت میں او جی ڈی سی ایل اور ایم پی سی ایل جوائنٹ وینچر کے تحت 50، 50 فیصد کے شراکت دار ہیں۔
ترجمان او جی ڈی سی ایل کے مطابق سندھ کے ضلع ٹنڈوالہ یار کے نم بلاک میں ماہرین کو نم کنویں ایسٹ1 سے یومیہ 1400 بیرل تیل کے ذخائر ملے ہیں، ان ذخائر سے 5اعشاریہ02 ملین مکعب کیوبک فٹ گیس کے ذخائر بھی دریافت ہوئے ہیں۔
او جی ڈی سی ایل کے ترجمان کے مطابق نئے ذخائر کی دریافت سے ملکی تیل و گیس کے ذخائر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے توانائی کی طلب و رسد میں فرق کو کنٹرول کرنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔