
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے متحدہ اپوزیشن کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ او آئی سی اجلاس کو کسی کا باپ بھی خراب نہیں کرسکتا، اس کانفرنس کی حفاظت کی ذمہ دار حکومت اور فوج ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا یہ بیان دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کے دوران سامنے آیا، انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن اوآئی سی کو سبوتاژ کرے گی تو پورا سسٹم سبوتاژ ہوجائے گا،اپوزیشن ہارنے کی تیاری کرے اور اوآئی سی کانفرنس کو سبوتاژ نہ کرے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ اپوزیشن باتیں کم کرے اور ہارنے کی تیاری کرے، اپوزیشن کو پتا چل گیا ہے کہ ان کے بندے نہیں نکل رہے، ہار کی وجہ سے ڈرامہ کرنا چاہتے ہیں، اپوزیشن عدم اعتماد میں ہارے گی، بلاول بھٹو ذہنی پستی کا شکار ہوگئے ہیں۔
قبل ازیں راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتےہوئے شیخ رشید نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے لوگ آپ کی مخالفت کررہے ہیں تاہم ہمارا ووٹ آپ کا ہی ہے،یہ چور زرداری، بھگوڑے نواز شریف و شہبازشریف جیسے لوگ عمران خان کو شکست نہیں دےسکتے، وزیراعظم عدم اعتماد میں کامیاب ہوں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ آئندہ 72 گھنٹوں میں مزید خوشخبریاں آئیں گی، عمران خان کو ایک انقلابی لیڈر کے طور پر دیکھنا چاہتا ہوں ،وزارت عظمیٰ چھوٹی چیز ہے،عمران خان کو نکالنے والے پچھتائیں گے کیونکہ وہ آسانی سےگھر نہیں جائیں گے بلکہ ان کو بھی ساتھ لے کر جائیں گے۔