او آئی سی اجلاس،حکومت اور اپوزیشن کےدرمیان سیاسی کشیدگی کوکم کرنے پراتفاق

12OICseasefire.jpg

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان او آئی سی اجلاس تک سیاسی کشیدگی اور اسلام آباد کے سیاسی درجہ حرارت کو کم کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔

خبررساں ادارے اے آروائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے حوالے سے سیاسی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے بعد اسلام آباد میں سیاسی درجہ حرارت عروج پر پہنچ چکا ہے۔

ایسے میں اسلام آباد میں او آئی سی کانفرنس کے انعقاد کے حوالےسے بھی سفارتی حلقوں کو شدید تحفظات لاحق ہوگئے تھے جس کو دیکھتے ہوئے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان پس پردہ رابطے ہوئے ہیں ، ان رابطوں کے نتیجے میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان او آئی سی اجلاس تک سیاسی کشیدگی کو کم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

دونوں فریقین کے درمیان اتفاق ہوا ہے کہ اس اجلاس تک بڑے سیاسی ایونٹس منعقد نہیں کیے جائیں گے تاہم سیاسی ملاقاتیں اور رابطے اسی طرح جاری رہیں گے۔

https://twitter.com/x/status/1504379956238987264
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی کشیدگی کو کم کرنے پر اتفاق کروانے میں ایک اہم شخصیت نے اہم کردار ادا کیا ہے، اس کے علاوہ پاکستان کے کچھ دوست ممالک نے بھی سیاسی کشیدگی میں کمی کیلئے رول پلے کرنے کیلئے رضامندی کا اظہار کیا ہے۔

اوآئی سی اجلاس کے دوران دوست ممالک کے نمائندگان اسلام آباد میں اہم سیاسی ملاقاتیں بھی کریں گے، بیک ڈور رابطوں کے ذریعے سیاسی کشیدگی کو کم کرنے کیلئے سیاسی حل نکالنے پر بھی غور کیا جائے گا تاکہ ملک میں سیاسی بے یقینی کو ختم کیا جاسکے۔

یادرہے کہ حکومت کی جانب سے اپوزیشن کی عدم اعتماد کی تحریک پرووٹنگ کیلئے او آئی سی اجلاس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس بلائے جانے کافیصلہ سامنے آیا تھا۔