
پاکستان کے مایہ ناز اور معروف اینکر شہید ارشد شریف کی اہلیہ کا شوہر کے قتل سے متعلق کہنا ہے کہ وہ اس کیلئے انصاف کی امید لگائے تکلیفیں اٹھا رہی ہیں مگر انصاف نہیں مل رہا۔
نجی چینل بول سے گفتگو میں شہید ارشد شریف کی اہلیہ جویریہ صدیق نے کہا کہ وہ انصاف کے لئے سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہی ہیں جس کی پیش نظر چیف جسٹس پاکستان کو ہزاروں خطوط لکھے جا چکے ہیں اور وکلا نےارشد شریف کیس میں درخواست دائرکی ہے۔ ارشد شریف کے صدمے سے نکلنا بہت تکلیف دہ ہے لیکن پھر بھی انصاف کیلئے تکلیفیں اٹھارہی ہوں۔
ملک کے نظام انصاف پر سوال اٹھاتے ہوئے جویریہ صدیق نے کہا کہ ایسا نظام کیوں نہیں کہ انصاف گھر بیٹھے مل جائے؟ انہوں نے نجی چینل کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس معاملے میں ان کے حق میں ہمیشہ آواز اٹھائی اس کی انتظامیہ کے تعاون پر اظہار اطمینان بھی کیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ارشدشریف کی شہادت سے پوری قوم کانقصان ہوا ہے، ان پربہت سے مقدمات درج کیے گئے تھے اور وہ کیسز میں پیشیاں بھگت رہے تھے۔