
رہنما تحریک انصاف سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا ہے کہ ہماری پہلی شرط انتخابات کا اعلان ہے اگر یہ اعلان ہوتا ہے تو پھر ہم بھی مذاکرات کیلئے سنجیدہ ہیں۔
زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کے دوران فواد چودھری نے کہا کہ ہمارا حکومت کو واضح پیغام ہے کہ اگر وہ اپریل یا مارچ میں قبل از وقت عام انتخابات کرانے کا اعلان کریں تو پھر بات ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا کل شاہدرہ تک پہنچنے کا ٹارگٹ تھا مگر یہ ممکن نہیں ہو سکا، شاہدرہ میں بھی بڑی تعداد میں لوگ موجود ہیں۔ آج ہم شاہدرہ سے آگے بڑھیں گے۔ وہاں بھی بڑی تعداد میں لوگ موجود ہیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان کی انرجی برقرار ہے، ہم اپنے لوگوں کو تھکانا نہیں چاہتے، ویسے بھی عوام کی انرجی میں کمی نہیں آئی، جہاں بھی جاتے ہیں وہاں کے گروپس ہمارے پاس آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں وزیرداخلہ راناثنااللہ اور پرویزرشید کے بیانات سے دکھ ہوا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1586257901542572033
قبل ازیں فواد چودھری نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت کی مذاکرات کی دعوت کی خبریں غیر سنجیدہ ہیں، ایک طرف تحریک انصاف کے کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، حقیقی آزادی مارچ کی کوریج پر پابندیاں ہیں، غیر سنجیدہ کمیٹی بنانے کی خبریں صرف آزادی مارچ کوانگیج کرنے کے لیے ہیں۔ اب یہ چالاکیاں نہیں چلنی بس انتخابات کی تاریخ دیں۔