
چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا ہے کہ آرٹیکل 62ون ایف کے تحت تاحیات نااہلی کو بھول جائیں۔خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ میں پی کے74 سے رکن اسمبلی شاہ محمد کی نااہلی کے درخواست پر سماعت ہوئی، سماعت سپریم کورٹ کی سربراہی میں بینچ نے کی۔
دوران سماعت چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطاء بندیال نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی لوگوں کو انتخابات جیتنے چاہیے نا کہ مخالفین کو نااہل کروانا چاہیے، آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہلی بھول جائیں۔
سپریم کورٹ نے نااہلی کی درخواست خارج کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ درخواست گزشتہ اسمبلی کی مدت کیلئے تھی، اب اسمبلی ہی ختم ہوگئی ، آرٹیکل 62 ون ایف کا اطلاق صرف ٹرائل کے بعد ہی ہوسکتا ہے، اگر یہ اطلاق چاہتے ہیں تو مجاز عدالت سے رجوع کریں۔
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ اس اسمبلی کی نشست کا دورانیہ مکمل ہوچکا ہے، آئندہ انتخابات میں اگر معاملہ اٹھایا گیا تو متعلقہ فورم سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔واضح رہے کہ درخواست گزار نے پاکستان تحریک انصاف کےرکن صوبائی اسمبلی کے خلاف اثاثے چھپانے کے الزام میں 62 ون ایف کے تحت نااہلی کی درخواست دائر کی تھی۔
عدالت میں درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ذاتی طور پر نااہلی کے خلاف ہوں اگر عدالت اجازت دے تو درخواست واپس لیتا ہوں، جس کے بعد درخواست واپس لینے کی بنیاد پر کیس خارج کردیا گیا ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/spa-court.jpg