
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی امریکی صدر جو بائیڈن کے پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کے خلاف دیئے گئے بیان پر ردعمل کا اظہار کر دیا، کہا امریکا کون ہوتا ہے ہمیں روکنے والا اور ہمارے جوہری اثاثوں پر بات کرنے والا۔
اسلام آباد میں مفتی محمود کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا ہم نے ایٹمی قوت ریاست پاکستان کے دفاع کے لیے حاصل کی ہے، کسی پر جارحیت کے لیے نہیں۔ جبکہ سربراہ پی ڈی ایم نے سابق وزیراعظم عمران خان پر بھی خوب تنقید کی۔
چیئرمین تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا سیاست اقتدار تک رسائی کے لیے چالاکیوں کا نام نہیں، سیاست ایک مقدس فریضہ ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر نے ڈیموکریٹک کانگریشنل کمپین کمیٹی میں خطاب کیا جس میں انہوں نے روس، چین کا حوالہ دیتے پاکستان کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ بائیڈن نے الزام عائد کیا کہ میراخیال ہے پاکستان خطرناک ترین ممالک میں سے ایک ہے۔
پاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں پر بات کرتے ہوئے جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام بے قاعدہ ہے، اس بات کا خدشہ ہے کہ اسے کوئی بھی استعمال کر سکتا ہے۔
جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے امریکی صدر کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہمارے ایٹمی اثاثے بالکل محفوظ اور عالمی قوانین کے مطابق ہیں۔ اس حوالے سے پاکستان کی جانب سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کو طلب کر کے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا گیا ہے۔
Last edited: