اقوام متحدہ کی دنیا میں روزانہ ضائع ہونیوالی خوراک بارے تہلکہ خیز رپورٹ

khoraa1h112.jpg


ایک طرف سے دنیا بھر میں اربوں افراد غربت کی لکیر سے نیچے ہونے کے باعث پیٹ بھرے بغیر سونے پر مجبور ہو چکے ہیں تو دوسری طرف کروڑوں لوگوں کے کھانوں کے برابر خوراک ایک دن میں ضائع کر دی جاتی ہے۔

اقوام متحدہ کی طرف سے فوڈ ویسٹ انڈیکس رپورٹ جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق دنیا کی ایک تہائی آبادی غذائی عدم تحفظ کا شکار ہو چکی ہے اور دنیا بھر میں روزانہ کروڑوں لوگوں کے کھانوں کے برابر خواک صرف ایک دن میں ضائع کر دی جاتی ہے۔

فوڈ ویسٹ انڈیکس رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ دنیا بھر میں 2022ء میں 1 ارب کھانوں کے برابر خوراک کو صرف ایک دن میں پھینک کر ضائع کر دیا گیا۔ خوراک کا ضیاع زیادہ تر ان خاندانوں کی طرف سے کیا گیا جو 60 فیصد کے قریب ہے جبکہ کینٹین، ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس میں 28 فیصد، قصاب اور گروسری وغیرہ نے 12 فیصد خوراک ضائع کرنے میں اپنا حصہ ڈالا۔

بین الاقوامی ادارے کی طرف سے خوراک کے اس ضیاع کا عالمی المیہ قرار دیتے ہوئے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 1 ٹریلین ڈالر سے زیادہ قیمت کا کھانا کاروباری اداروں اور گھروں میں ایک ایسے وقت میں پھینک کر ضائع کر دیا گیا جب تقریباً 800 ملین کے قریب لوگ بھوک سے مر رہے تھے۔

رپورٹ کے مطابق دنیا کا ہر شخص سالانہ اوسطاً 79 کلوگرام کے قریب خوراک ضائع کر دیتا ہے جس سے دنیا بھر میں بھوک سے متاثر ہونے والے ہر شخص کو 1.3 کھانا دیا جا سکتا ہے۔ رپورٹ میں خوراک ضائع کرنے سے روکنے کی کوششوں کو بہتر کرنے اور شہروں میں ضائع کی جانے والی خوراک کو بطور کھاد استعمال بڑھانے کی سفارشات دی گئی ہیں۔