
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ن لیگ پر شدید تنقید پر ردعمل دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مریم نوازشریف نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پریشان اور بکھرتے ہوئے کیوں دکھائی دے رہے ہیں؟، ابھی تو گیم صرف شروع ہوئی ہے یار اور آپ ابھی سے ہار چکے ہیں۔
https://twitter.com/x/status/1500463391160287234
مریم نواز شریف نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جناب تھوڑی اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کیجیئے۔
رہنما ن لیگ کا اپنی دوسری ٹویٹ میں کہنا تھا کہ اقتدار ہاتھ سے جاتا دیکھ کر انسان ذہنی توازن کھو بیٹھتا ہے، اسے نا اخلاقی اقدار یا دشمنی کا ظرف ہوتا ہے اور نہ ہی اپنے عہدے کی عزت کا پاس، پہلے سب کو گالیاں دی اور بعد میں کہا کہ ریاست مدینہ کی بنیاد اخلاقیات تھی،اللہ آپ کو پاکستان کے شر سے محفوظ رکھیں ، آمین۔
https://twitter.com/x/status/1500465137702117381
مریم نواز شریف کی جانب سے یہ ردعمل وزیراعظم عمران خان کے میلسی جلسے میں خطاب کے دوران کی گئی گفتگو پر سامنے آیا، عمران خان نے اپنی تقریر کے دوران نواز شریف سمیت پوری ن لیگ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔
تقریر میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر لندن والے بھگوڑے کا پیسہ واپس لے آیا تو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت آدھی کردوں گا، یہ ڈرون حملوں پر اس لیے نہیں بولے کہیں باہر کے ملک میں ان کی جائیدادیں ضبط نہ ہوجائیں ، پیسے کی پوجا کرنے والے چپ چاپ تماشا دیکھتے رہے اور پاکستانیوں کا خون بہتا رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجرم نمبر ایک نواز شریف جھوٹ بول کر منتیں کرکے ملک سے باہر چلاگیا، ن لیگ والوں سے سوال ہے کیا کبھی گیڈر بھی لیڈر بنا ہےآصف علی زرداری ذرا شریفوں کو ماضی یاد کرائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف اور اس کی بیٹی فوج کو برا بھلا کہتے ہیں اور شہبازشریف کو جو بھی بوٹ نظر آتا ہے وہ اُس کو پالش کرنا شروع ہو جاتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کی تحریک ناکام ہوگی اور جب یہ تحریک ناکام ہوگی تو آپ رہیں جو میں آپ کے ساتھ کروں گا۔