
اعجاز احمد کا پشتون کھلاڑیوں بارے بیان، میچ فکسر کی منصور علی خان کو کال؟
مجھے ایک میچ فکسر فون کرتا ہے اور پوچھتا ہے کہ مجھے اس تنازع میں کیوں گھسیٹ رہے ہیں؟ : محمد آصف
سابق قومی کھلاڑی اعجاز احمد کی طرف سے پشتون کرکٹرز کے حوالے سے متعصبانہ بیان کے معاملے پر منصور علی خان کے وی لاگ کرنے کے بعد سابق فاسٹ بائولر محمد آصف بھی سامنے آ گئے۔ سینئر صحافی منصور علی خان نے چند دن پہلے اپنے وی لاگ میں سابق قومی کھلاڑی اعجاز احمد کے پشتون کرکٹرز بارے متعصبانہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ماضی میں میچ فکسنگ میں ملوث رہنے والے قومی کھلاڑیوں کا حوالہ دیا جس پر سابق فاسٹ بائولر محمد آصف نے بھی ویڈیو پیغام جاری کر دیا۔
سابق قومی کھلاڑی اعجاز احمد نے نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں پشتون کھلاڑیوں کے حوالے سے کہا تھا کہ اگر غور کریں تو قومی کرکٹ ٹیم میں 80 فیصد کھلاڑیوں کا تعلق ریموٹ ایریاز یا خیبرپختونخوا سے ہے۔ سندھ سے ٹیم بنائی جاتی ہے تو اس میں بھی 7 سے 8 کھلاڑی پٹھان ہوتے ہیں جن کے پاس نہ تو ایکسپوژر ہے نہ ہی تعلی، اسی لیے یہ کھلاڑی گرائونڈ میں دبائو کو برداشت نہیں کر پاتے۔
سوشل میڈیا صارفین ودیگر شخصیات کی طرف سے سابق قومی کھلاڑی اعجاز احمد کے بیان پر شدید تنقید کی گئی تھی اور ان کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سینئر صحافی منصور علی خان نے بھی اپنے وی لاگ میں تنقید کی تھی۔ اعجاز احمد کے بیان پر ردعمل میں منصور علی خان نے کہا کہ ماضی میں 3 کھلاڑی میچ فکسنگ میں ملوث پائے گئے جن میں سے ایک بھی پشتون نہیں تھا اور ان کا تعلق صوبہ پنجاب سے تھا۔
منصور علی خان نے اپنے بیان میں کسی کھلاڑی کا نام نہیں لیا تھا تاہم ان کے وی لاگ کے بعد محمد آصف کی طرف سے انہیں فون کال بھی کی گئی جس کے بعد منصور علی خان نے ایک اور وی لاگ کیا جس کا عنوان منصور کو میچ فکسر کی فون کال رکھا اور کہا مجھے ایک میچ فکسر فون کرتا ہے اور پوچھتا ہے کہ مجھے اس تنازع میں کیوں گھسیٹ رہے ہیں؟ اس بارے میں آپ کو بات کرنے کی ضروری کیا ہے؟
https://twitter.com/x/status/1800235078250832193
منصور علی خان نے اپنے وی لاگ میں محمد آصف کو جواب میں کہا آپ کا کیا مطلب ہے؟ کیا آپ میچ فکسر نہیں ہیں؟ میچ فکسنگ کا معاملہ ساری زندگی آپ کے ساتھ چلے گا اور میں نے اپنے وی لاگ میں کہیں پر بھی آپ کا ذکر نہیں کیا، یہ بات میں نے کسی اور تناظر میں کی تھی۔ سابق فاسٹ بائولر محمد آصف بھی ان کے وی لاگ پر خاموش نہ رہ سکے اور ردعمل میں ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کر دیا۔
سابق فاسٹ بائولر نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ اعجاز احمد کے بیان پر میں نے بھی مذمت کی تھی، ان کا بیان غلط تھا لیکن آپ کون ہیں کسی کے کردار پر بات کرنے والے؟ کیا آپ کے پاس یہ کرنے کا کوئی لائسنس ہے؟ ماضی میں آپ کو میچ فکسنگ پر سزا ہو چکی ہے جس کی سزا بھی ملی، آپ کو میں نے فون صرف اس لیے کیا تھا کہ آپ نے سارا وی لاگ مجھ پر کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ 14 برس پہلے ہوا تھا، میرے بچے بڑے ہو رہے ہیں اور آپ کے بھی، میرے بارے میں وہ کیا سوچیں گے؟ یہ درست بات نہیں ہے۔ واضح رہے کہ 2010ء میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے 3 قومی کھلاڑیوں سلمان بٹ، محمد عامر اور محمد آصف پر میچ فکسنگ کے باعث کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/ijaaz.jpg