لاہورہائی کورٹ نے اظہر مشہوانی کے بھائیوں کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹادی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں تحریک انصاف کے سوشل میڈیا انچارج اظہر مشہوانی کے بھائیوں کی بازیابی کیلئے دائر کردہ درخواست پر سماعت ہوئی، اس موقع پر پنجاب حکومت کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے موقف اپنایا کہ اظہر مشہوانی کے بھائی پنجاب پولیس کی تحویل میں نہیں ہیں۔
دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نےعدالت سے درخواست واپس لینے کی استدعا کی اور بتایا کہ اظہر مشہوانی کو واٹس ایپ پر ایک کال موصول ہوئی ہےجس میں بتایا گیا ہے کہ ان کے بھائی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی تحویل میں ہیں، چونکہ مغوی وفاقی ایجنسیوں کے پاس ہیں اس لیے ہم درخواست واپس لیتے ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے درخواست واپس لینے پر ہائی کورٹ نے درخواست نمٹادی۔
خیال رہے کہ اظہر مشہوانی کے والد حبیب الرحمان نے ایڈووکیٹ ابوذر سلمان خان نیازی کی وساطت سے لاہور ہائی کورٹ میں اپنے بیٹوں کی بازیابی کیلئے درخواست دائر کی تھی اور موقف اپنایا تھا کہ سادہ لباس میں ملبوس اور سی ٹی ڈی اہلکاروں نے اظہر مشہوانی کے دو بھائیوں کو گرفتار کرلیا ہے، عدالت دونوں مغویوں کو بازیاب کروانے کا حکم جاری کرے۔