
وفاقی وزیر اقتصادی امور ایاز صادق نے کہا ہے کہ توشہ خانہ سے متعلق عمران خان کے خلاف ریفرنس اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس جمع ہوچکا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق رہنما ن لیگ اور وفاقی وزیر ایاز صادق نے کہا ہے کہ توشہ خانہ اسکینڈل کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس عمران خان کے خلاف ریفرنس جمع ہوچکا ہے، اسپیکر 30 دن میں اس ریفرنس پر فیصلہ کرکے اسے الیکشن کمیشن کو بھجوائیں گے۔
ایاز صادق نے سابق وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے کشمیر سے متعلق ٹرمپ سے اپنے وعدے کو پورا کیا، عمران خان کی ریاست مخالف گفتگو پر ان کے خلاف سپریم کورٹ میں کیس لے کرجائیں گے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ سے متعلق ایک اور اسکینڈل منظر عام پر آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پہلے سامنے آنے والی معلومات کے علاوہ عمران خان نے مزید 3 گھڑیاں فروخت کیں۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ عمرا ن خان نے اپنی حکومت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گھڑیوں کی قیمتوں کا تخمینہ اصل قیمت سے کم لگوایا اوراس کم قیمت کا صرف 20 فیصد حصہ قومی خزانے میں جمع کروایا تھا۔