اسلام آباد میں پسند کی شادی کرنے والے لڑکا اور لڑکی غیرت کے نام پر قتل

14isbbshananhonnorkillng.png

ملک بھر میں غیرت کے نام پر قتل کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی ایسا ہی ہولناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک جوڑے کو غیرت کے نام پر بے حسی کے ساتھ موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقے ہنگو سے تعلق رکھنے والے ایک لڑکا اور لڑکی جنہوں نے پسند کی شادی کر رکھی تھی کو وفاقی دارالحکومت میں ملزمان نے قتل کر دیا۔ واقعہ اسلام آباد کے تھانہ ترنول کی حدود میں واقع گائوں پنڈپڑیاں میں پیش آیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ غیرت کے نام پر قتل کیے جانے والے لڑکے کی شناخت شعیب جبکہ لڑکی کی شناخت مردانہ بی بی کے نام سے ہوئی ہے، دونوں نے پسند سے شادی کر لی تھی اور اپنی جان بچانے کی خاطر ایک گھر میں پناہ لے رکھی تھی۔ مقتول جوڑے کا تعاقب کرتے ہوئے ملزمان اس گھر میں داخل ہو گئے اور لڑکی اور لڑکے کو تیزدھار آلے سے ذبح کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق دونوں کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے، مردانہ بی بی کی عمر 24 سال جبکہ شعیب کی عمر 22 سال بتائی گئی ہے جبکہ ملزم مردانہ بی بی کا رشتہ دار بتایا گیا ہے۔ مردانہ بی بی کی طرف سے لڑکے کے حوالے سے اپنے دیور سے ہراساں کرنے کی شکایت بھی کی گئی تھی، خاتون کی شکایت پر ملزمان اسلام آباد پہنچے، پہلے لڑکے کو قتل کیا اور پھر خاتون کی بھی جان لے لی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے پنڈپڑیاں گائوں پہنچنے کے لیے ٹیکسلا سے گاڑی کرائے پر بک کروائی تھی، گاڑی اور ڈرائیور بھی پولیس نے حراست میں لے لیا تاہم ملزمان نے پولیس سے رابطہ کر کے اعتراف جرم کر لیا۔ ملزمان نے پولیس کو بتایا کہ ڈرائیور کا کوئی قصور نہیں ہے، ہم نے دونوں کو اپنی روایت کے مطابق قتل کیا ہے۔

پولیس کے مطابق دونوں کے پسند کی شادی کرنےپر لڑکی کے گھر والے اس سے سخت نالاں تھے، واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں جلد ملزمان کا سراغ لگا لیا جائے گا۔ ایس ایس پی آپریشنز ارسلان شاہ زیب کا کہنا تھا کہ ملزمان کو جلد سے جلد گرفتار کر کے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔