
سابق وزیر خزانہ اور ن لیگ کے مرکزی رہنما اسحاق ڈار کےوزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ وطن واپسی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔
خبررساں ادارےکی رپورٹ کے مطابق لندن میں مسلم لیگ ن کے بڑوں کے درمیان ایک اہم اجلاس ہوا جس میں پارٹی قائد میاں نواز شریف، پارٹی صدر میاں شہباز شریف اور اسحاق ڈارشریک تھے، اجلاس میں ملک کی سیاسی خصوصا معاشی صورتحال، مہنگائی اور روپے کی گرتی ہوئی قدر کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیراعظم شہباز شریف کو اپنی وطن واپسی کے ارادے سے متعلق آگاہ کیا اور بتایا کہ وہ آئندہ ہفتے ملک واپس آکر احتساب عدالت کے سامنے پیش ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے اسحاق ڈار وطن واپسی کےبعد اپنی سینیٹ رکنیت کا حلف اٹھائیں گے جس کے بعد انہیں وفاقی وزیر خزانہ مقرر کردیا جائے گا، اسحاق ڈار کو موجودہ معاشی ٹیم اور وزارت خزانہ کےاراکین معاشی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دیں گے۔
واضح رہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار 2017 میں سعودیہ عرب اور وہاں سے برطانیہ روانہ ہوئے تھے جس کے بعد سےوہ پاکستان واپس نہیں آئے ہیں، نومبر 2017میں عدالت نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے جس کے بعد انہیں 'مفرور' قرار دیدیا گیا تھا۔
Last edited: