ارشد شریف قتل کیس، تحقیقات کیلیے ٹیم کینیا روانہ

arsjad-sharif-team-kenia.jpg


سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کیس کی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے، مزید تحقیقات کیلیے ڈائریکٹر ایف آئی اے اطہر وحید کی سربراہی میں تشکیل دی گئی 2 رکنی ٹیم کینیا کے لیے روانہ ہوگئی ہے، جہاں وہ مختلف زاویوں سے قتل کیس کی تحقیقات کرکے واقعے کے محرکات اور دیگر حقائق کا تعین کرے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کے احکامات پر وزارت داخلہ کی جانب سے تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی ٹیم کے دونوں ارکان ڈائریکٹر ایف آئی اے اکیڈمی اطہر وحید اور ڈپٹی ڈائریکٹر انٹیلی جنس بیورو عمر شاہد حامد جمعہ کی صبح روانہ ہوئے۔

فلائٹ شیڈول کے مطابق ٹیم کے سربراہ اطہر وحید قطر ائرلائن کی پرواز نمبر 615 کے ذریعے اسلام آباد سے دوحا روانہ ہوئے جبکہ عمر شاہد حامد کراچی سے دوحا کے لیے روانہ ہوگئے۔

تحقیقاتی ٹیم کے دونوں ارکان دوحا ائرپورٹ پر اکٹھے ہوں گے، جہاں سے قطر ایئرویز ہی کی پرواز نمبر 1341 کے ذریعے نیروبی روانہ ہوں گے، وزارت خارجہ اور کینیا میں پاکستانی سفارت خانہ تحقیقاتی ٹیم کو قیام کے دوران سہولیات و معاونت فراہم کرنے پابند ہوں گے۔

تحقیقاتی ٹیم ارشد شریف کی کینیا میں پوسٹ مارٹم رپورٹ اور فائرنگ کا نشانہ بننے والی گاڑی اور ٹریول ریکارڈ کا جائزہ لے گی،تحقیقاتی ٹیم کا کینیا میں قیام کا دورانیہ 2 ہفتے تک ہو سکتا ہے۔

ارشد شریف کو گزشتہ روز سپرد خاک کردیا گیا ہے،پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ارشد شریف کی موت سر اور دائیں پھیپھڑے پر گولیاں لگنے سے ہوئی،گولیاں لگنے کے تقریباً آدھے گھنٹے بعد موت ہوئی،ارشد شریف کے دل، گردے پھیپھڑے،معدےسے نمونے سائنس لیب بھجوائے گئے۔