پچھلے ہفتے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے اعدادوشمار جاری!
پچھلے ایک ہفتے میں بجلی کے فی یونٹ کی قیمت میں بھی 26 پیسے کا اضافہ کر دیا گیا ہے: رپورٹ
وفاقی ادارہ شماریات کی طرف سے ملک بھر میں میں پچھلے ایک ہفتے کے دوران ہونے والی مہنگائی میں اضافے کے اعدادوشمار جاری کر دیئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملک بھر میں پچھلے ایک ہفتے کے دوران وفاقی دارارہ شماریات نے مہنگائی میں اضافے کے اعدادوشمار جاری کر دیئے ہیں جس کے مطابق صفر اعشاریہ 01 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ مہنگائی کے ہفتہ وار اعدادوشمار کے مطابق مہنگائی کی مجموعی شرح 14 اعشاریہ 36 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
ادارہ شماریات کی طرف سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق پچھلے ایک ہفتے میں 15 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 14 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ اعدادوشمار کے مطابق 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا جبکہ مجموعی طور پر مہنگائی کی شرح 14 اعشاریہ 36 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مہنگی ہونے والی اشیائے ضروریہ میں سے ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 7 روپے 40 پیسے، زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 16 روپے 7 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ چنے کے دال کی فی کلو قیمت میں 9 روپے 26 پیسے، گائے کے گوشت کی فی کلو قیمت 11 روپے اور لہسن کی فی کلو قیمت میں 12 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ادارہ شماریات کی طرف سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق پچھلے ایک ہفتے میں بکرے کے گوشت کی فی کلو قیمت 14 روپے بڑھ گئی ہے اور اس کے علاوہ ٹوٹا باسمتی چاول، گھی، دہی اور تازہ دودھ کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پچھلے ایک ہفتے میں بجلی کے فی یونٹ کی قیمت میں بھی 26 پیسے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق پچھلے ایک ہفتے میں سستی ہونے والی اشیائے ضروریہ میں کیلا فی درجن 8 روپے اور دال ماش فی کلو کی قیمت میں 8 روپے تک کمی ریکارڈ کی گئی۔ آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 17 روپے، انڈے کی فی درجن قیمت میں 3 روپے، آلو کی فی کلو قیمت میں 82 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سستی ہونیوالی دیگر اشیاء میں چینی، خوردنی تیل، پیاز، مسور اور دال مونگ بھی شامل تھی۔