
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اب صورتحال اس قدر خراب ہوچکی ہے کہ الیکشن بھی کسی چیز کا حل نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالات جس نہج پر پہنچ چکے ہیں اس میں کوئی ایک سیاسی جماعت ایسی صلاحیت نہیں رکھتی جو حالات کو بہتر کرسکے، کوئی ایک جماعت تنہا ملکی مسائل کو حل نہیں کرسکتی، تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک ساتھ بیٹھنا ہوگا اور ایجنڈا طےکرنا ہوگا اس کے علاوہ کوئی حل نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بات معاشی نظام نہیں بلکہ پورے نظام کو تبدیل کرنے کی ہے، اس وقت پورے ملک کے نظام کو بدلنے کی ضرورت ہے، بیوروکریسی کے نظام کو تبدیل کرنا ہوگا، نیب کو ختم کرنا ہوگا، عدلیہ کا نظام بھی تبدیل ہوگا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں حکومت میں رہ چکی ہیں، کوئی بھی مسائل کو حل نہیں کرسکا، وزیراعظم ذمہ داری لیں اور سب کو مدعو کریں، ایجنڈے کا تعین کریں، جو لوگ نہیں آتے یہ ان کی اپنی ذمہ داری ہوگی، جب ایجنڈا طے ہوجائے تو سب اس کی سپورٹ کریں۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ ہمیں سیاست کو ایک طرف رکھ کر ملکی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی، میری سوچ ہے کہ مزید صوبے بنائے جائیں تاکہ وسائل تقسیم ہوسکیں، این ایف سی میں وفاق نےصوبوں کو پیسے دیئے مگر ذمہ داری نہیں دی گئی، صوبوں کو خود پیسے جمع کرنے کی ذمہ داری دینی چاہیے، آنے والے وقتوں کیلئے ہمیں ایک سیاسی سوچ چاہیے۔ف