
سابق وزیراعظم عمران خان کو سیکیورٹی خدشات کے باعث لاہور جلسے میں شرکت نہ کرنے کا مشورہ دے دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو ایک مراسلہ ارسال کیا گیا جس میں سیکیورٹی خدشات کا ذکر کرتے ہوئے عمران خان کو مینار پاکستان جلسے سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے مراسلے میں لکھا ہے کہ مینار پاکستان جلسےکے حوالے سے سیکیورٹی خدشات موجود ہیں، لہذا عمران خان کی جلسہ گاہ میں آمد کسی خطرے سے خالی نہیں ہوگی۔
تاہم تحریک انصاف کی قیادت نے غالباَ اس خدشے کو زیادہ اہمیت نہیں دی ہے کیونکہ تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے اپنی ایک ٹویٹ میں عمران خان کے جلسہ گاہ میں خطاب کو ہر صورت یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1516778545586085894
فرخ حبیب نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ عمران خان 21 اپریل بروز جمعرات کوہرصورت مینار پاکستان جلسہ گاہ جائیں گے اور قوم سے خطاب کرینگے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی اور ضلعی انتظامیہ رکاوٹیں ڈالنے کی بجائے سیکورٹی انتظامات کی زمہ داریاں پوری کرے۔ ہمیں پتہ ہے عمران خان کی مقبولیت سے کس کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔
دوسری جانب عمران خان نے بھی ٹویٹر سپیس پر گفتگو کرتے ہوئے ہر حال میں مینار پاکستان جانے کا اعلان کر دیا ہے۔
https://twitter.com/x/status/1516844917644926978