لاہور 28جون2018ء:متحدہ مجلس عمل اور جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور امیدوار قومی ا سمبلی این اے 130 لیاقت بلوچ نے اپنے حلقہ انتخاب پیر غازی روڈ ، یونین پارک، مہران بلاک اور گلبرگ میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ آزمائی ہوئی پارٹیوں اور ان کی لیڈر شپ کے پاس کرپشن ، بدعنوانی کے سواکچھ نہیں ہے ۔ان کے اندر یہ سلیقہ ہی نہیں کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود اور انہیں ترقی دے سکیں ۔ انہوںنے کہاکہ متحدہ مجلس عمل نے امیدواروں کے چناﺅ کا سو فیصد کام مکمل کرلیاہے تمام قائدین نے وسیع القلبی کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ دوسری جانب سیاسی جماعتوں کے کارکنان آپس میں دست و گریبان ہیں ۔ لیڈروں کے گھروں پر دھرنے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ متحدہ مجلس عمل تعلیم کی سہولت عام کرے گی ۔
تعلیم کے شعبہ پر کم از کم جی ڈی پی کے پانچ فیصد کے برابر اور ہر صوبائی بجٹ میں کم از کم 25 فیصد رقم مختص کرے گی ۔ ہر طالبعلم کے لیے اعلیٰ تعلیم کا حصول آسان کیا جائے گا ۔ انہوںنے کہاکہ آج بھی پاکستان توانائی کے بحران میں مبتلا ہے ۔ ماضی کی حکومتوں نے نئے ڈیمزنہ بنا کر ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیاہے ۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ سے صنعتی ترقی کا پہیہ جام ہو گیاہے ۔ مزدوروں کے گھروں میں فاقے پڑ گئے ہیں ، زر مبادلہ کے ذخائر اور تجارتی خسارے میں مسلسل کمی واقع ہورہی ہے ملک پر بیرونی قرضوں کا بوجھ اس قدر بڑھ چکاہے کہ ملک معاشی طور پر دیوالیہ ہونے کی دہلیز پر کھڑاہے جس کے تمام تر ذمہ دار سابقہ حکمران ہیں ۔
لیاقت بلوچ نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کا منشور پاکستان کی خوشحالی و ترقی کی روشن امید اور کرن ہے ۔ ایم ایم اے کی لیڈر شپ اور اس کے تمام تر امیدواروں کا دامن کرپشن سے پاک ہے ۔انہوںنے کہاکہ حلقہ این اے 130 کے عوام جانتے ہیں کہ پچھلے دس سالوں میں جو افراد بھی عوام کے نمائندے منتخب ہوئے وہ پانچ سال اس حلقے میں نظر نہیں آئے جبکہ ہم نے سیاسی وابستگی سے بالا تر ہوکر بلاتفریق حلقے کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے ان کی داد رسی کی ہے ۔
عوام 25 جولائی کو متحدہ مجلس عمل کو اس حلقے سے ان شاءاللہ کامیاب کروائیں گے۔