بھارتی پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی تاریخ میں پہلی بار رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کی فتح کا جشن ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور میں المناک حادثے میں بدل گیا، جہاں دو مختلف مقامات پر بھگدڑ مچنے سے کم از کم 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب شائقین کی بڑی تعداد ایم چنا سوامی اسٹیڈیم کے باہر جمع ہوئی، جہاں کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے آر سی بی ٹیم کے اعزاز میں ایک استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی تھی۔
بھگدڑ کا دوسرا افسوسناک واقعہ ودھانا سودھا کے احاطے میں پیش آیا، جہاں ٹیم نے وزیراعلیٰ سدارامیا سے ملاقات کے لیے پہنچنا تھا۔ یہاں بھی بے قابو ہجوم، کمزور سیکیورٹی اور ناکافی انتظامات کے باعث افرا تفری کا عالم پیدا ہو گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ دو افراد اسی مقام پر جاں بحق ہوئے۔
عینی شاہدین کے مطابق بھگدڑ کے باعث کئی افراد بے ہوش ہو گئے جبکہ کئی شدید زخمی ہو کر زمین پر گرتے رہے۔ موقع پر موجود ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار زخمیوں کو اٹھا کر ایمبولینسز میں ڈال رہے ہیں جبکہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
چنا سوامی اسٹیڈیم کے اطراف کے متعدد میٹرو اسٹیشنز پر بھی غیر معمولی ہجوم کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ شہر کے باؤرنگ اسپتال میں درجنوں زخمی لائے گئے جہاں رات بھر ایمبولینسز آتی جاتی رہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جشن منانے والے ہجوم کو منگل کی رات سے ہی کنٹرول کرنے کی کوششیں کی جا رہی تھیں، مگر شائقین کی تعداد توقعات سے کہیں زیادہ نکلی، جس کے باعث صورتحال قابو سے باہر ہو گئی۔
واضح رہے کہ رائل چیلنجرز بنگلور نے حالیہ آئی پی ایل میں تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا، جس کے بعد شہر بھر میں جشن کا سماں تھا۔ مگر ناقص سیکیورٹی اور بدنظمی کے باعث یہ خوشی کئی خاندانوں کے لیے سانحے میں تبدیل ہو گئی۔