
عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے اپنی فلم کی آمدنی پاکستانی سیلاب متاثرین کو عطیہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں آدھی پاکستانی ہوں۔
تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول منعقد ہوا جس میں جمائما گولڈ اسمتھ کی فلم 'واٹس لو گوٹ ٹوڈو وِد اِٹ' کا پریمیئر ہوا، جمائما خان نے اپنی فلم کے پریمیئر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں سالوں تک پاکستان میں رہی ہوں، میں اور میرے دونوں بیٹے آدھے پاکستانی ہیں۔
https://twitter.com/x/status/1568711943149555712
میڈیا رپورٹس کے مطابق جمائما نے اپنے ایک بیان میں کہا ہےکہ وہ اپنی فلم 'واٹس لو گوٹ ٹوڈو وِد اِٹ' کا ایک خصوصی شو منعقد کررہی ہیں، جس سے ہونے والی تمام آمدنی پاکستان کے سیلاب متاثرین کو بھجوائی جائے گی، یہ شو فلم کی ریلیز سے قبل منعقد کیا جائے گا جسے 20 خصوصی افراد دیکھ سکیں گے۔
https://twitter.com/x/status/1567452779135864832
واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما خان کی فلم میں پاکستان اور ہالی ووڈ اداکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے، فلم میں شبانہ اعظمی، سجل علی، عاصم چوہدری، شہزاد لطیف، ایما تھامسن اور للی جیمز نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔
ٹویٹر پر اپنی فلم کا ٹریلر شیئر کرتے ہوئے جمائما خان نے لکھا کہ محبت میں رہنے سے بہتر ہے، محبت میں جیا جائے، اس فلم میں پاکستانی ثقافت ، رسم و رواج کو برطانوی کلچر کے ساتھ ملا کر پیش کیا گیا ہے، فلم کی کہانی ان پاکستانی لوگوں سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہے جن سے میں اپنی زندگی میں ملی ہوں۔
جمائما خان کی یہ فلم 27جنوری2023 کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔